اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کے علاقے جی سیون ٹو آبپارہ میں شادی والے گھر میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے خوفناک دھماکے میں دلہا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے باعث ایک رہائشی عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی جبکہ قریبی چار گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں ایک شدید زخمی کو برن سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔
چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ دھماکے کی اطلاع صبح 7 بج کر 20 منٹ پر ملی، اب تک 8 اموات کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 12 افراد زخمی ہیں، تاہم کسی بھی زخمی کی حالت تشویشناک نہیں۔
محمد علی رندھاوا کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکا گیس لیکج کے باعث پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں میں اس قسم کے واقعات بڑھ جاتے ہیں، اس لیے شہریوں سے اپیل ہے کہ رات کے وقت گیس کا استعمال نہ کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور حکومت کی جانب سے ان کی مالی اور دیگر امداد کی جائے گی۔ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں تاکہ دھماکے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔