لندن(ویب ڈیسک) لندن میں یورپی ماحولیاتی ادارے CAMS کے سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ میں ’بلڈ رین‘ یعنی سرخ بارش کا امکان موجود ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حالیہ دنوں میں برطانیہ کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارشیں ہو رہی ہیں اور بعض مقامات پر رواں سال تقریباً روزانہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق صحرائے اعظم سے اٹھنے والی سرخ گرد کی ایک بڑی تہہ یورپ سے ہوتی ہوئی برطانیہ کی جانب بڑھ رہی ہے۔ جب یہ سرخ گرد برطانیہ میں جاری بارشوں کے ساتھ ملے گی تو بارش کا رنگ سرخی مائل دکھائی دے گا، جسے عام طور پر ’بلڈ رین‘ کہا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بارش انسانی صحت کے لیے مضر نہیں ہوتی، البتہ اس کے نتیجے میں گاڑیوں اور کھلی سطحوں پر باریک سرخ مٹی کی تہہ جم سکتی ہے۔
یورپی ماحولیاتی ادارے کے سینئر سائنسدان مارک پیرنگٹن کے مطابق یہ سرخ گرد زیادہ تر جنوبی انگلینڈ کے اوپر بلند فضاؤں میں گزرے گی اور امکان ہے کہ یہ منگل تک برطانیہ پہنچ جائے، جبکہ دوپہر کے وقت تقریباً دو گھنٹے تک یہ کیفیت برقرار رہ سکتی ہے۔
برطانوی خبررساں اداروں کے مطابق اس گرد کا سبب افریقا کے بعض علاقوں میں موسمی حیاتیاتی ایندھن (بایو ماس) کو جلانے کا عمل بھی ہو سکتا ہے، جس سے فضا میں دھواں اور باریک ذرات شامل ہو جاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صحرا میں چلنے والی تیز ہوائیں گرد کو فضا کی بالائی تہوں تک پہنچا دیتی ہیں اور اگر بالائی فضاؤں میں ہوائیں شمال کی جانب چل رہی ہوں تو یہ ذرات ہزاروں کلو میٹر کا سفر طے کرتے ہوئے برطانیہ تک پہنچ سکتے ہیں۔