اٹلی کا پاکستانی ہنرمند مزدوروں کے لیے 10 ہزار ورک ویزا جاری کرنے کا اعلان

اسلام آباد/روم(ويب ڈیسک) اٹلی نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے ہنرمند محنت کشوں کے لیے لیگل مائیگریشن چینلز کے تحت 10 ہزار 500 ورک ویزاز جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق یہ اعلان اٹلی کے وزیر داخلہ ماتیو پیانتیڈوزی نے اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں داخلی سیکیورٹی، غیرقانونی ہجرت کی روک تھام اور قانونی ہجرت کے فروغ سمیت باہمی تعاون پر گفتگو کی گئی۔

اطالوی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان قانونی اور منظم طریقے سے افرادی قوت کی منتقلی کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے قانونی ہجرت کے فروغ اور مشترکہ مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

سفارتی پاسپورٹ پر ویزا استثنیٰ

پاکستانی حکام کی درخواست پر اٹلی نے پاکستانی سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا استثنیٰ دینے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔ ماتیو پیانتیڈوزی کے مطابق اس معاملے پر پہلے بھی ڈسکشن ہو چکی ہے۔

ملاقات میں منشیات کی اسمگلنگ، انسانی اسمگلنگ اور ٹیررازم کے خلاف مشترکہ عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں وزرا نے غیر قانونی ہجرت انسانی اسمگلنگ کے خلاف جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان نے ایئرپورٹس اور میری ٹائم بارڈرز پر نگرانی کا نظام متعارف کروایا ہے جس سے غیرقانونی روانگی میں نمایاں کمی آئی ہے۔

ملاقات میں اٹلی میں پاکستانی سفیر علی جاوید، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس اور دیگر سینئر پولیس آفیسرز بھی شریک تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں