کراچی(ویب ڈیسک)حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پورٹ قاسم پر پیٹرول سے لدے چار جہاز پہنچ گئے ہیں۔
پورٹ حکام کے مطابق تقریباً 25 کروڑ لیٹر پیٹرول لے کر آنے والے جہاز پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوئے ہیں، جن میں سے ایک جہاز سے 37 ہزار ٹن پیٹرول کی منتقلی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک اور جہاز سے 50 ہزار ٹن پیٹرول کی ترسیل جاری ہے، جبکہ 55 ہزار ٹن پیٹرول لے کر آنے والا ایک اور جہاز 12 مارچ کو پورٹ قاسم پہنچے گا۔
اس کے علاوہ ایک اور جہاز 13 مارچ کو بندرگاہ پر پہنچنے کا امکان ہے، جو تقریباً 34 ہزار ٹن پیٹرول اتارے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے حال ہی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55 روپے اضافہ کیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔