شکارپور (نمائندہ خصوصی) 2020 میں سکھر ایئرپورٹ تھانے کی حدود میں قتل ہونے والے ٹاؤن افسر اعجاز شیخ کے قتل کیس کا شکارپور میں تصفیہ ہوگیا۔ جرگہ پیپلز پارٹی کے رہنما امتیاز شیخ کی رہائش گاہ پر ہوا، جہاں پیپلز پارٹی کے ایم این اے شبیر بجارانی، محمد علی شیخ اور امتیاز شیخ کی سربراہی میں مقتول اور ملزم فریقین کے بیانات سننے کے بعد جرگے کے رہنماؤں نے فیصلے سنا دیا.

ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان اعجاز شیخ کے خون کی دیعت کے طور پر 98 لاکھ 28 ہزار روپے، مقتول کی گاڑی کے نقصان کے بدلے 25 لاکھ روپے، عدالتی اخراجات کے طور پر 25 لاکھ روپے، جبکہ زخمی سلمان کھوسو کے لیے 19 لاکھ روپے اور دیگر اخراجات کی مد میں 15 لاکھ روپے مقرر کیے گئے۔
اس طرح دونوں فریقوں پر مجموعی طور پر ایک کروڑ 82 لاکھ 28 ہزار روپے کی رقم طے پائی، جو عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔
یاد رہے کہ 2020 میں سکھر میں پلاٹ کے تنازعے پر ٹی ایم او اعجاز شیخ کو گھر سے باہر جاتے ہوئے موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
اس قتل کیس میں سکھر کی عدالت نے جرم ثابت ہونے دو بھائیوں، عامر باجکانی اور امجد باجکانی کو موت کی سزا سنائی تھی۔