کندھکوٹ کے کچے کے علاقے میں گولا برادری کے دو گروپوں میں شدید فائرنگ، ایک نوجوان جاں بحق، دو خواتین سمیت چار زخمی

کندھ کوٹ(رپورٹر) کندھ کوٹ کے قریب کچے کے علاقے میں گولا برادری کے دو گروپوں کے درمیان پرانا تنازع ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے دوران ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق گبلو تھانے کی حدود میں واقع کچے کے علاقے گاؤں غلام رسول گولو میں گولا برادری کے دو فریقین کے درمیان پرانے اختلافات دوبارہ بھڑک اٹھے۔ دونوں جانب سے جدید اسلحے کا بے دریغ استعمال کیا گیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان چاڪر ولد جمال الدین گولو گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ زخمیوں میں مسماۃ درناز خاتون زوجہ اربیلو گولو، صاحب ولد شریف گولو اور دیگر دو افراد شامل ہیں۔

واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی، تاہم مقامی ذرائع کے مطابق پولیس بروقت موقع پر نہیں پہنچ سکی۔ بعد ازاں لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ لاش گھر پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔

تاحال واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا، جبکہ دونوں فریق مورچہ بند ہیں اور وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے

اپنا تبصرہ لکھیں