روٹری کراچی کا نیا سال شروع، پولیو، تعلیم اور صحت پر توجہ مرکوز کرنے کا اعلان

کراچی(ویب ڈیسک)روٹری انٹرنیشنل ڈسٹرکٹ 3271 نے نئے روٹری سال 2026-27 کا باقاعدہ آغاز مزارِ قائد پر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرکے کیا۔

تقریب کی قیادت ڈسٹرکٹ گورنر شہزاد صابر نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ فرسٹ لیڈی سمیرا شہزاد، وائس گورنر پی ڈی جی ڈاکٹر آفتاب امام، مینٹور پی ڈی جی حنیف خان، ڈسٹرکٹ کے عہدیداران، ڈپٹی گورنرز، اسسٹنٹ گورنرز اور سندھ و بلوچستان سے تعلق رکھنے والے متعدد روٹری رہنما بھی موجود تھے۔

اس موقع پر شرکاء نے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور قائداعظم کے وژن سے تجدیدِ عہد کرتے ہوئے خدمتِ خلق، دیانت داری، قیادت اور سماجی ترقی کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ گورنر شہزاد صابر نے کہا کہ مزارِ قائد پر حاضری اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ حقیقی قیادت کا معیار انسانیت کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے روٹری سال کے آغاز پر یہ عہد کیا گیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کی کمیونٹیز میں ایسے ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا جو دیرپا اور مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنیں۔

ان کا کہنا تھا کہ روٹری انٹرنیشنل کے صدر اولاینکا ایچ بابالولا کے سالانہ پیغام “Create Lasting Impact” کی روشنی میں “Service Above Self” کے جذبے کے تحت عوامی خدمت کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

شہزاد صابر نے بتایا کہ روٹری ڈسٹرکٹ 3271 آئندہ سال پولیو کے خاتمے، تعلیم، ماں اور بچے کی صحت، صاف پانی کی فراہمی، صفائی، ماحولیات کے تحفظ، معاشی خودمختاری اور نوجوانوں کی قیادت کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دے گا تاکہ معاشرے میں پائیدار اور مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔

روٹری انٹرنیشنل ڈسٹرکٹ 3271 سندھ اور بلوچستان کے روٹری کلبز پر مشتمل ہے اور روٹری انٹرنیشنل کے عالمی نیٹ ورک کا حصہ ہے، جس کے دنیا بھر میں بارہ لاکھ سے زائد اراکین صحت، تعلیم، امن، ماحولیات اور انسانی خدمت کے مختلف منصوبوں میں رضاکارانہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں