پاک بحریہ کا “تیمور” ایئر لانچڈ کروز میزائل کامیابی سے تجربہ

راولپنڈی (ویب ڈیسک)آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ نے اینٹی شپ ویپن سسٹم “تیمور” ایئر لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کروز میزائل کا یہ تجربہ پاک بحریہ کی ہدف کو درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت اور آپریشنل تیاریوں کا بھرپور مظاہرہ ہے، میزائل نے اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ کامیابی سے حاصل کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس تجربے سے دشمن کے سمندری خطرات کی نشاندہی، انہیں نشانہ بنانے اور ناکارہ بنانے کی پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں کی تصدیق ہوتی ہے۔

پاک بحریہ کے مطابق یہ مظاہرہ قومی دفاعی صلاحیتوں میں اہم اضافہ ہے، جس سے روایتی جنگی میدان میں دشمن کو مؤثر جواب دینے کی صلاحیت مزید مضبوط ہوئی ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک بحریہ قومی بحری مفادات اور علاقائی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر آصف علی زرداری، شہباز شریف اور سید عاصم منیر سمیت سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں