ٹریفک اہلکار کو کچلنے کا کیس: ایم پی اے مجید اچکزئی کو 10 سال قید کا حکم

کوئٹہ(ویب ڈیسک) بلوچستان ہائی کورٹ نے ٹریفک سارجنٹ حاجی عطااللہ کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کرنے کے مقدمے میں سابق رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالمجید اچکزئی کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنا دی۔

عدالت عالیہ بلوچستان کے اعلامیے کے مطابق جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سرکار کی جانب سے عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف دائر اپیل منظور کرلی۔

عدالت نے ایڈیشنل سیشن جج-VI/ماڈل کریمنل ٹرائل کورٹ-II کوئٹہ کا 4 ستمبر 2020 کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے عبدالمجید اچکزئی کو پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دیا۔

فیصلے کے مطابق عبدالمجید اچکزئی نے تیز رفتاری، غفلت اور لاپروائی سے گاڑی چلاتے ہوئے دورانِ ڈیوٹی ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطااللہ کو گاڑی تلے کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔

عدالت نے مجرم کو 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنانے کے علاوہ مقتول کے قانونی ورثا کو دیت کی رقم ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

بلوچستان ہائی کورٹ نے متعلقہ ایڈیشنل سیشن جج کو عبدالمجید اچکزئی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی فوری گرفتاری اور سزا پر عمل درآمد کے لیے جیل منتقل کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو وارنٹ پر قانون کے مطابق فوری عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں