جیکب آباد (ویب ڈیسک): جیکب آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے اعجاز حسین جکھرانی کو تین ہفتوں کے اندر دوسرا بڑا صدمہ پہنچا ہے، ان کے نوجوان بیٹے میر زید جکھرانی کراچی کے اسپتال میں دوران علاج انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق میر زید جکھرانی کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ دم توڑ گئے۔ مرحوم کی میت کراچی سے جیکب آباد منتقل کی جا رہی ہے، جہاں رات دیر سے تدفین کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ایم این اے اعجاز جکھرانی کے والد اور سابق ایم این اے میر بابل جکھرانی 7 اپریل کو انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد اب نوجوان بیٹے کے انتقال سے خاندان پر ایک اور غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔
واقعے کے بعد جیکب آباد میں سوگ کی فضا ہے جبکہ سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔