اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق زلزلے کی لہر 15 سے 20 سیکنڈ تک جاری رہی، جس کے دوران لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 170 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ بتایا گیا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن سمیت مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے، جبکہ ساہیوال اور اس کے گرد و نواح میں بھی زلزلہ آیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم شہریوں میں شدید خوف پایا گیا۔