کراچی (ویب ڈیسک): پاکستان کے ڈرگ ٹیسٹنگ معیار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عالمی ادارۂ صحت نے سینٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کراچی کے معیار کو تسلیم کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ شعبہ صحت میں پاکستان کے لیے ایک اہم عالمی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے نام خط میں سی ڈی ایل کراچی کی پری کوالیفیکیشن سے آگاہ کیا گیا۔
خط میں کہا گیا کہ سی ڈی ایل کے ٹیسٹنگ معیار عالمی ادارۂ صحت کے اصولوں کے مطابق ہیں، جبکہ ڈریپ کی جانب سے کی گئی اصلاحات کو بھی تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی ادارۂ صحت کی ٹیم نے جنوری میں لیب کا تفصیلی معائنہ کیا تھا، جس کے بعد دی گئی سفارشات پر عمل درآمد کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے فارما ایکسپورٹس میں اضافہ اور عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی ساکھ بہتر ہونے کی توقع ہے۔