میروخان(انڈس ٹربیون) ضلع قمبر-شہدادکوٹ کے تحصیل میروخان کے قریب سجاول جونیجو تھانے کی حدود گاؤں بہادر بھنڈ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان اور اس کا کمسن بیٹا جاں بحق جبکہ خاتون سمیت دو بچے شدید زخمی ہو گئے۔
میروخان کے صحافی صفر گوپانگ کےمطابق مقتول سجاد تونیو اپنی اہلیہ رخسانہ، تین بچوں اور اہل خانہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر میروخان سے اپنے گاؤں پھلہڑی واپس جا رہا تھا کہ بھنڈ چوک کے قریب کار میں سوار مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 35 سالہ سجاد تونیو اور اس کا معصوم بیٹا رحمان تونیو موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ اہلیہ رخسانہ، بیٹا ایمان علی اور کمسن بیٹی امیدان شدید زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تعلقہ اسپتال میروخان سے لاڑکانہ منتقل کر دیا گیا، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
سجاول جونیجو پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ واقعہ پسند کی شادی کے تنازعے کا شاخسانہ ہے۔
دوسری جانب اسپتال میں مقتول کے بھائی فہیم تونیو نے میڈیا کو بتایا کہ سجاد تونیو نے آٹھ سال قبل رتوڈیرو کی رہائشی رخسانہ بروہی سے عدالت میں پسند کی شادی کی تھی، جس پر خاتون کے اہل خانہ ناراض تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اتوار کے روز سجاد اپنی اہلیہ اور بچوں کو بہنوں سے ملاقات کرانے میروخان لایا تھا اور واپسی کے دوران حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں سجاد اور اس کا بیٹا جاں بحق جبکہ اہلیہ اور دو بچے شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔