سکھر (انڈس ٹربیون) سکھر کی سیکنڈ ایڈیشنل سیشن عدالت نے کم عمر بچی سے جنسی زیادتی کے مقدمے میں ملزم عبدالرزاق چوہان کو 20 سال قیدِ بامشقت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ عدالت نے متاثرہ بچی کو ایک لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
عدالتی دستاویز کے مطابق، سیکنڈ ایڈیشنل سیشن جج جاوید حسین میرانی نے 30 اکتوبر کو مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم مولوی عبدالرزاق ولد عبدالغفور چوہان کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 377-B کے تحت مجرم قرار دیا۔
پولیس مقدمے سے متعلق فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق، ملزم نے تقریباً ایک سال قبل بچل شاہ میانی (سکھر) کے ایک مدرسے میں کم عمر بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ واقعے کے بعد متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عدالتی حکم کے مطابق، مجرم کو 20 سال قیدِ بامشقت کے ساتھ 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں اسے مزید دو سال سادہ قید بھگتنا ہوگی۔
عدالت نے اینٹی ریپ ایکٹ 2021 کی دفعہ 17 کے تحت متاثرہ بچی کو ایک لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا، جو جرمانے کے علاوہ ہوگا۔ یہ رقم بچی کے والد یا قانونی سرپرست کے ذریعے ادا کی جائے گی۔
عدالتی حکم کے بعد مجرم کو سزا بھگتنے کے لیے سینٹرل جیل سکھر منتقل کر دیا گیا۔