سندھ کے سرکاری گرلز اسکول کا عالمی اعزاز، حیدرآباد کا اسکول دنیا کے تین بہترین اسکولوں میں شامل

حیدرآباد (دی انڈس ٹربیون) سندھ کے سرکاری تعلیمی ادارے نے عالمی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کرلی۔ حیدرآباد کے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ٹنڈو میر غلام حسین کو تعلیم کے شعبے میں دنیا کے معتبر ترین عالمی اعزازات میں شمار ہونے والے ورلڈز بیسٹ اسکول پرائزز 2026 کی کیٹیگری ’کمیونٹی کولیبریشن‘ (Community Collaboration) میں دنیا کے تین بہترین اسکولوں میں شامل کرلیا گیا ہے۔

بین الاقوامی تعلیمی تنظیم ٹی فور ایجوکیشن (T4 Education) کے زیرِ اہتمام منعقدہ عالمی مقابلے میں دنیا بھر کے ہزاروں سرکاری اور نجی اسکولوں نے حصہ لیا، جن میں سے ماہرین کے بین الاقوامی پینل نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے تعلیمی اداروں کا انتخاب کیا۔

حیدرآباد کے سرکاری گرلز اسکول کو یہ اعزاز غریب، محنت کش اور تعلیم سے محروم رہ جانے کے خطرے سے دوچار بچیوں کے لیے منفرد اور لچکدار تعلیمی نظام متعارف کرانے پر دیا گیا ہے۔

ٹی فور ایجوکیشن کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ٹنڈو میر غلام حسین ایک ایسے پسماندہ علاقے میں واقع ہے جہاں لڑکیوں کے لیے تعلیم تک رسائی محدود ہے، جبکہ متعدد بچیاں گھریلو ذمہ داریوں اور خاندان کی معاشی ضروریات پوری کرنے کے لیے کام کرنے پر مجبور ہوتی ہیں۔

اسکول انتظامیہ نے ان سماجی اور معاشی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے روایتی تعلیمی نظام میں بنیادی تبدیلیاں متعارف کرائیں تاکہ محنت مزدوری کرنے والی یا گھریلو ذمہ داریاں نبھانے والی بچیاں بھی اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

اس مقصد کے لیے اسکول میں دو شفٹوں پر مشتمل تعلیمی نظام متعارف کرایا گیا، جس کے تحت طالبات کو صبح یا بعد میں اسکول آنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس نظام کے ذریعے دن کے اوقات میں کام کرنے یا گھر والوں کی مدد کرنے والی بچیوں کو بھی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا ہے۔

عالمی تنظیم کے مطابق اسکول نے صرف تدریسی اوقات میں تبدیلی نہیں کی بلکہ بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے معاشرے میں موجود روایتی سوچ کو تبدیل کرنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے۔

اسکول کے اساتذہ طالبات کے گھروں کے دورے کرتے ہیں اور والدین کو بچیوں کی تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے مشاورتی نشستیں منعقد کرتے ہیں۔

ان کوششوں کے ذریعے کم عمری کی شادی، بچیوں سے مشقت کرانے اور تعلیم کے مقابلے میں گھریلو کام کو ترجیح دینے جیسے سماجی رویوں کو چیلنج کیا گیا ہے۔

ایک سال میں داخلوں میں 90 فیصد اور حاضری میں 80 فیصد اضافہ

ٹی فور ایجوکیشن کی رپورٹ کے مطابق اس منفرد تعلیمی ماڈل کے حیران کن نتائج سامنے آئے ہیں۔

صرف ایک سال کے دوران اسکول میں طالبات کے داخلوں میں 90 فیصد جبکہ حاضری میں 80 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق وہ بچیاں جو پہلے باقاعدگی سے اسکول نہیں آسکتی تھیں، اب نہ صرف کلاسوں میں شرکت کررہی ہیں بلکہ زیادہ اعتماد کے ساتھ تعلیمی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

اسکول کی کوششوں کے نتیجے میں والدین کے رویوں میں بھی نمایاں تبدیلی آئی ہے اور اب 80 فیصد والدین بچیوں سے مشقت کرانے کے بجائے ان کی تعلیم کو ترجیح دے رہے ہیں۔

عالمی تنظیم نے حیدرآباد کے اس سرکاری اسکول کے تعلیمی ماڈل کو ایک انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے تعلیم کو طالبات کے سماجی اور معاشی حالات سے ہم آہنگ کرکے محروم طبقات کی بچیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔

لاہور کا نجی اسکول عالمی مقابلے کا فاتح

دوسری جانب پاکستان کے ایک اور تعلیمی ادارے، لاہور کے نجی اسکول ٹی این ایس بیکن ہاؤس (TNS Beaconhouse) نے ’سپورٹنگ ہیلتھی لائیوز‘ (Supporting Healthy Lives) کیٹیگری میں عالمی ایوارڈ جیت لیا۔

اس اسکول کو مختلف اعصابی و ذہنی نشوونما کی خصوصیات رکھنے والے بچوں کے لیے جامع اور معاون تعلیمی ماحول فراہم کرنے پر عالمی سطح پر سراہا گیا۔

تاہم ’کمیونٹی کولیبریشن‘ کیٹیگری میں برطانیہ کے سوئس کاٹیج اسکول، ڈیولپمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ حیدرآباد کا گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول دنیا کے تین بہترین اسکولوں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔

سندھ کے ایک سرکاری اسکول کی یہ عالمی کامیابی اس بات کی مثال ہے کہ محدود وسائل اور سماجی مشکلات کے باوجود مؤثر منصوبہ بندی، اساتذہ کی محنت اور مقامی آبادی کے تعاون سے بچیوں کی تعلیم میں نمایاں بہتری لائی جاسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں