کراچی (دی انڈس ٹربیون) کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد اور لاڑکانہ کے میئرز نے سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سندھ ایک متحد صوبہ ہے اور اس کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔
کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے طنزیہ طور پر ’’منتشر قومی موومنٹ‘‘ قرار دیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایم کیو ایم کا نائن زیرو اب نہیں رہا، جبکہ جماعت کے اندر بہادر آباد اور راوی روڈ کا جھگڑا چل رہا ہے۔ جو جماعت خود انتشار کا شکار ہو، وہ سندھ کے مستقبل کا فیصلہ کیسے کرسکتی ہے؟
انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کا واضح مؤقف ہے کہ سندھ متحد ہے اور متحد رہے گا۔ سندھ کے مستقبل کا فیصلہ وہی ہوگا جو سندھ کے عوام چاہیں گے۔
میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کے معاملے میں دوہرا معیار اختیار نہیں کیا جانا چاہیے۔ لسانیت کی بنیاد پر دھمکیاں دینے اور سندھ کی ثقافت کا مذاق اڑانے کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت اور عوامی جذبات کا احترام کیا جانا چاہیے اور لسانی بنیادوں پر نفرت پھیلانے سے گریز کرنا ہوگا۔
میئر حیدرآباد کاشف شورو نے ایم کیو ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نفرت اور لسانیت پر مبنی سیاست کا دور گزر چکا ہے اور اب ایم کیو ایم کی ایسی سیاست نہیں چلے گی۔
میئر میرپورخاص رؤف غوری نے کہا کہ ایم کیو ایم کی لسانی اور نفرت انگیز سیاست کے باعث میرپورخاص کے عوام نے اس جماعت کو مسترد کردیا ہے۔
میئر شہید بینظیر آباد قاضی رشید بھٹی نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنی سرزمین کی تقسیم کبھی قبول نہیں کریں گے اور صوبے کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
میئر لاڑکانہ انور لوہار نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ہمیشہ ایم کیو ایم کی سیاست کو مسترد کیا ہے اور صوبے کی تقسیم کے مطالبات کو بھی مسترد کرتے رہیں گے۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں چھ بڑے شہروں کے میئرز نے سندھ کی وحدت کے حق میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے صوبے کی تقسیم کی مخالفت کی۔