بلوچستان: سابق صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران کے خلاف قتل اور اغوا کا مقدمہ، اراضی سے خاتون سمیت تین لاشیں برآمد

کوئٹہ/بارکھان (ویب ڈیسک) بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیرعبدالرحمان کھیتران کے خلاف قتل اور اغوا کا نیا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک گرفتار ملزم کی نشاندہی پر ان کی اراضی سے ایک خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس کے مطابق مقدمہ ضلع ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے پیارا خان بگٹی کی مدعیت میں بارکھان پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے، جس میں عبدالرحمان کھیتران، ان کے دو بیٹوں اور دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے میں نجی جیل، اغوا اور قتل کے سنگین الزامات

ایف آئی آر کے مطابق مدعی پیارا خان بگٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ تقریباً چھ سے سات سال قبل وہ عبدالرحمان کھیتران کے کہنے پر ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی سے نقل مکانی کر کے بارکھان کے علاقے حاجی کوٹ منتقل ہوئے تھے، جہاں ان کے دو بیٹوں قمردین اور صاحب دین نے سردار کھیتران کے نجی محافظوں کے طور پر کام شروع کیا۔

مدعی کے مطابق تقریباً چار سال قبل عبدالرحمان کھیتران نے انہیں اور ان کے بیٹوں کو طلب کیا، جہاں ان کے محافظ ثناء اللہ عرف غنی پٹھان اور سردار کے بیٹوں اسلام شاہ اور عبدالرؤف سمیت دیگر افراد نے مبینہ طور پر دونوں بھائیوں کو اغوا کر کے نجی جیل میں قید کر دیا۔

پیارا خان بگٹی کا الزام ہے کہ انہیں پولیس سے رابطہ کرنے کی صورت میں دونوں بیٹوں کو قتل کرنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

مدعی کے مطابق ان کے ایک بیٹے قمردین کو تقریباً ایک سال قبل رہا کر دیا گیا، تاہم دوسرے بیٹے صاحب دین کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ انہیں خدشہ ہے کہ صاحب دین کو قتل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے عبدالرحمان کھیتران اور دیگر نامزد افراد کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 342، 343، 364، 365، 506 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

تین سال نجی جیل میں قید رکھا گیا، متاثرہ نوجوان کا الزام

مدعی کے 24 سالہ بیٹے قمردین بگٹی نے بی بی سی سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ انہیں اور ان کے بھائی کو اغوا کے بعد مختلف مقامات پر قائم نجی جیلوں میں رکھا گیا۔

ان کے مطابق وہ تقریباً تین سال تک قید رہے اور ایک سال قبل انہیں رہا کیا گیا، تاہم ان کے بڑے بھائی صاحب دین کو رہا نہیں کیا گیا۔

قمردین کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے بھائی کے قتل کی اطلاعات سنی ہیں، لیکن وہ تصدیق نہیں کر سکتے کہ صاحب دین زندہ ہیں یا انہیں قتل کر دیا گیا ہے۔

گرفتار ملزم کی نشاندہی پر تین لاشیں برآمد

بارکھان پولیس کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق مقدمے میں نامزد ایک ملزم کی گرفتاری کے بعد اس کی نشاندہی پر سردار عبدالرحمان کھیتران کی اراضی سے تین افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں۔

پولیس اہلکار کے مطابق دو لاشیں بغاؤ جبکہ ایک لاش حاجی کوٹ کے علاقے سے برآمد ہوئی۔ مرنے والوں میں بظاہر ایک خاتون بھی شامل ہے۔

سول ہسپتال کوئٹہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ہادی کاکڑ کے مطابق دو افراد کی باقیات پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کی گئی تھیں، جو بری طرح گل سڑ چکی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد باقیات واپس بارکھان روانہ کر دی گئیں۔

تاحال لاشوں کی شناخت اور ان کی موت کی وجوہات کی حتمی تصدیق نہیں ہو سکی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سے سیاسی اختلافات

عبدالرحمان کھیتران کے خلاف مقدمے اور لاشوں کی برآمدگی کی اطلاعات ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب انہوں نے حال ہی میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

کھیتران 2024 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مقرر ہوئے تھے، تاہم رواں سال جولائی میں انہیں صوبائی کابینہ سے برطرف کر دیا گیا تھا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان کوہ سلیمان کے نام سے نئے انتظامی ڈویژن کے قیام، رکھنی کو ڈویژنل ہیڈکوارٹر بنانے اور حلقے کی سیاست سے متعلق اختلافات سامنے آئے تھے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا و سیاسی امور شاہد رند نے سردار کھیتران کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف مقدمات اور قانونی کارروائی سے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کوئی تعلق نہیں۔

شاہد رند کے مطابق پولیس کی جانب سے کسی ملزم کی گرفتاری اور اس کی نشاندہی پر شواہد یا لاشوں کی برآمدگی قانونی اور تفتیشی عمل کا حصہ ہے، جسے سیاسی انتقام قرار دینا درست نہیں۔

2023 میں بھی نجی جیل اور قتل کے الزامات سامنے آئے تھے

واضح رہے کہ عبدالرحمان کھیتران کے خلاف فروری 2023 میں بھی نجی جیل قائم کرنے اور ایک خاندان کے افراد کو قید رکھنے کے سنگین الزامات سامنے آئے تھے۔

اس وقت ان کے سابق نجی محافظ خان محمد مری نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کی اہلیہ اور بچوں کو نجی جیل میں رکھا گیا ہے۔

بعد ازاں حکام نے خان محمد مری کی اہلیہ اور پانچ بچوں کو بازیاب کرایا تھا، جبکہ ان کے دو بیٹوں اور ایک خاتون کی لاشیں ایک کنویں سے برآمد ہوئی تھیں۔

اس مقدمے میں عبدالرحمان کھیتران کو گرفتار بھی کیا گیا تھا، تاہم بعد میں عدالت نے انہیں بری کر دیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں