پنجاب میں جے یو آئی کے خلاف کریک ڈاؤن، مولانا غفور حیدری سمیت تین مرکزی رہنما گرفتار

لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب پولیس نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، پنجاب کے امیر مولانا امجد خان اور جمعیت طلباء اسلام کے مرکزی صدر ملک اویس قرنی سمیت متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا، جبکہ لاہور میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے محاصرے اور انہیں مبینہ طور پر نظربند کیے جانے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا گیا ہے۔

جے یو آئی کے رہنماؤں کے مطابق گرفتاریاں سرگودھا میں ہونے والے سیاسی جلسے سے قبل کی گئی ہیں، جنہیں پارٹی نے جمہوری اور سیاسی حقوق پر قدغن قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے حکومت سے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، بصورت دیگر پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ملک میں مارشل لا نافذ ہوچکا ہے کہ سیاسی اجتماعات پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں؟

اسلم غوری کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت خود جلسے اور جلوس کررہی ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں کو سیاسی سرگرمیوں سے روکا جارہا ہے۔ انہوں نے گرفتاریاں آئین اور جمہوری نظام کے خلاف اقدام قرار دیتے ہوئے سوال کیا کہ رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری کی گرفتاری کیا اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے کی گئی ہے؟

جے یو آئی کی رہنما عالیہ کامران نے بھی گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا عبدالغفور حیدری خوشاب کے راستے میں تھے، تاہم ان سے رابطہ نہیں ہو پارہا۔ ان کے مطابق پارٹی کے کئی رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا ہے اور بظاہر سرگودھا میں جلسہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔

جے یو آئی کے مرکزی رہنما و سینیٹر حافظ حمداللہ نے گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کے بجائے طاقت کی حکمرانی نظر آرہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا سیاسی مخالفین کی گرفتاری جمہوریت کی نئی تعریف بن گئی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جلسوں سے خوفزدہ ہوکر قائدین کو گرفتار کرنا سیاسی طاقت نہیں بلکہ کمزوری کا اعتراف ہے۔

جے یو آئی کے مرکزی رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی حاجی میر ذابد علی ریکی نے بھی گرفتاریوں کو جمہوری آواز دبانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔ انہوں نے حکومت سے مولانا عبدالغفور حیدری کی گرفتاری کے قانونی جواز اور اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے متعلق وضاحت طلب کی۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے محاصرے اور مبینہ نظربندی کے خلاف درخواست پر سی سی پی او لاہور سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

جسٹس علی ضیاء باجوہ نے مقامی وکیل ابرار حسین کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر کسی کو غیرقانونی طور پر نظر بند کیا گیا ہے تو معاملہ سنگین نوعیت کا ہے اور اس اقدام میں ملوث افراد کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ تک محدود کردیا گیا ہے اور ان کی زندگی و آزادی کو خطرہ لاحق ہے، اس لیے ان کی بازیابی کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کو نظر بند کیا گیا ہے تو اس کی وجوہات دینا ہوں گی۔

جے یو آئی رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں ختم کرکے گرفتار تمام رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں