لاہور(ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ پر جاری دھرنے سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری دے دی اور کارکنوں کو دھرنے ملتوی کرکے جمعہ کے روز نماز کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرنے کی ہدایت کردی۔
مولانا فضل الرحمان نے خطاب کے دوران کہا کہ آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور ان کے پاس آئے ہیں اور وہ انہیں گرفتار کر چکے ہیں، اب وہ پولیس کی حراست میں ہیں اور پولیس انہیں جہاں لے جائے گی، وہ چلے جائیں گے۔
انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے فکر رہیں، پوری استقامت کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا جائے گا، گرفتاریاں تحریک کا راستہ نہیں روک سکیں گی۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ وہ اور ان کے کارکن گرفتاریاں دینے کے لیے تیار ہیں، ان کی جماعت کی ایک تاریخ ہے اور ماضی میں ان کے اکابرین نے پھانسیوں اور سخت مظالم کا سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل جانا ان کے لیے کوئی مسئلہ نہیں اور کارکنوں کی ثابت قدمی سے تحریک جاری رہے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے ملک بھر میں جاری دھرنے ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کو نماز کے بعد تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جن کا انتظام جے یو آئی کی ذیلی جماعتیں اپنے اپنے علاقوں میں کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک جاری رہے گی اور گرفتاریاں ان کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکیں گی، جبکہ وہ پُرامید ہیں کہ حکام ان کی گرفتاری کو زیادہ دیر برداشت نہیں کر سکیں گے۔