کابل (ویب ڈیسک) افغانستان کے صوبہ ہرات میں ایک المناک حادثے کے دوران ایران سے واپس آنے والے افغان مہاجرین کی بس آئل ٹینکر اور موٹر سائیکل سے ٹکرا کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 76 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 17 بچے بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق افغان پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ ہرات شہر کے نواحی علاقے گزرہ ضلع میں پیش آیا، جہاں تیز رفتاری اور غفلت کے باعث بس ایک موٹر سائیکل اور آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے فوراً بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے تمام مسافروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے میں بس کے تمام مسافر اور ٹینکر و موٹر سائیکل پر سوار چاروں افراد بھی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان یوسف سعیدی نے بتایا کہ بس میں سوار تمام مسافر حال ہی میں ایران سے زبردستی بیدخل کیے گئے افغان مہاجرین تھے، جو اسلام قلعہ سرحدی کراسنگ سے کابل جا رہے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ حادثہ بس ڈرائیور کی لاپرواہی اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس کے بعد پورا علاقہ غم و اندوہ کی فضا میں ڈوب گیا۔