مستونگ: سکیورٹی چیک پوسٹ کی تعمیر میں مصروف دو جیکب آباد باسیوں سمیت نو مزدور اغوا

مستونگ/جیکب آباد(ویب ڈیسک) مستونگ کے علاقےدشت میں سیاہ پشت کے مقام سے نو مزدوروں کو اغوا کرلیا گیا ہے۔

دشت لیویز تھانے کے ایس ایچ او اختر محمد کے مطابق واقعہ چار روز قبل پیش آیا، جب مزدور سکیورٹی چوکیوں کی تعمیر کا کام کر رہے تھے۔

ان کے مطابق نامعلوم مسلح افراد مزدوروں کو اغوا کر کے نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق چار مزدور مقامی جبکہ پانچ کا تعلق سندھ سے ہے۔

اغوا کاروں نے ایک مقامی مزدور کو چھوڑ دیا، تاہم باقی آٹھ مزدور تاحال لاپتا ہیں۔

ایس ایچ او کے مطابق واقعے کا مقدمہ اب تک درج نہیں کیا گیا کیونکہ ٹھیکیدار اور حکام کی جانب سے درخواست موصول نہیں ہوئی۔

مغوی مزدوروں میں جیکب آباد باسی دو بھائی بھی شامل

جیکب آباد کے اینٹی انکروچمنٹ اہلکار منشی شاہنواز ابڑو نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ان کے دو بھائی بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے دشت سے
اغوا کر لیے گئے ہیں۔

اغوا ہونے والے محنت کشوں میں جیکب آباد کے رہائشی دو بھس بھی شامل ہیں

ان کا کہنا تھا کہ ان کے دو بھائی علی نواز ابڑو اور نظیر احمد ابڑو مزدوری کے سلسلے میں بلوچستان گئے تھے، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے انہیں دشت کے علاقے سے اغوا کرلیا۔

شاہنواز کے مطابق ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے، تاہم دونوں بھائیوں کے لاپتا ہونے سے گھر میں سخت پریشانی پھیل گئی ہے۔

جیکب آباد پریس کلب کے باہر مغویوں کے بچوں سمیت احتجاج کرتے ہوئے انہوں نے بلوچستان حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے کا فوری نوٹس لیں اور مغوی مزدوروں کو جلد از جلد بازیاب کرائیں۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں حالیہ ہفتوں کے دوران اغوا، ٹارگٹ کلنگ اور عسکریت پسندی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات اور سرچ آپریشنز تیز کر دیے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں