مستونگ: اغوا کے بعد لاپتا ہونے والے ڈی ایس پی یوسف ریکی کی لاش برآمد

مستونگ (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں اغوا کے بعد لاپتا ہونے والے ڈی ایس پی نوشکی پولیس یوسف ریکی کی لاش برآمد کرلی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول افسر کی لاش کردگاپ کے علاقے گرگینہ کلی شربت خان سے ملی۔

پولیس ذرائع کے مطابق یوسف ریکی ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب نوشکی سے کوئٹہ جاتے ہوئے راستے میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں اغوا ہوگئے تھے۔

جمعرات کی صبح پولیس کو اطلاع ملی کہ کردگاپ کے نواحی علاقے میں ایک لاش ملی ہے، جس کی شناخت بعد میں ڈی ایس پی یوسف ریکی کے طور پر کی گئی۔

پولیس کے مطابق مقتول افسر نوشکی تھانے میں ڈی ایس پی کے عہدے پر تعینات تھے۔ لاش کو قانونی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا سے چند لمحے قبل یوسف ریکی نے اپنی اہلیہ کو فون کرکے بتایا تھا کہ مسلح افراد نے انہیں روک لیا ہے، جس کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق وہ کسی محافظ کے بغیر نیشنل ہائی وے کے بجائے پہاڑی اور غیر آباد راستے سے کوئٹہ جا رہے تھے۔ ان کی گاڑی اب تک برآمد نہیں ہوئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اغوا اور قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں اور نہ ہی کسی تنظیم نے واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

واضح رہے کہ مستونگ اور اس کے گرد و نواح میں کالعدم بلوچ مسلح تنظیمیں سرگرم ہیں۔

گذشتہ ماہ بھی مستونگ پولیس کے ایک ڈی ایس پی کو سوراب کے قریب سے اغوا کیا گیا تھا، تاہم وہ چند روز بعد بازیاب ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں