جنیوا(ویب ڈیسک) سوئٹزرلینڈ کے جنوب مغربی علاقے میں واقع معروف لگژری الپائن اسکی ریزورٹ کرانس مونٹانا کے ایک مصروف بار میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں درجنوں افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ تقریباً 100 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے اکثر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق پولیس کے مطابق آگ جمعرات کی علی الصبح ایک بج کر 30 منٹ کے قریب لے کانسٹیلیشن نامی بار میں اس وقت بھڑکی، جب بڑی تعداد میں لوگ نئے سال کی تقریبات منا رہے تھے۔ پولیس ترجمان گیٹان لاتھیاں کے مطابق آگ لگنے کے وقت عمارت میں 100 سے زائد افراد موجود تھے۔
والے کینٹن کے پولیس کمانڈر فریڈرک گسلر نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ’’درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے‘‘، تاہم ہلاکتوں کی حتمی تعداد فوری طور پر بتانا ممکن نہیں۔ بعد ازاں اطالوی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ سوئس پولیس کے مطابق تقریباً 40 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
والے کینٹن کی اٹارنی جنرل بیٹریس پیلود کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم واقعے کو کسی حملے یا دہشت گردی سے جوڑ کر نہیں دیکھا جا رہا۔
حادثے کے بعد ہیلی کاپٹرز اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جن میں بعض غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ سوئس نشریاتی ادارے آر ٹی ایس کے مطابق فرانسیسی زبان بولنے والے علاقوں کے اسپتال جلنے کے شدید متاثرین سے بھر گئے ہیں۔
علاقائی کونسلر میتھیاس رینارڈ کے مطابق زخمیوں کی اکثریت شدید نوعیت کے زخموں کا شکار ہے جبکہ والے اسپتال کا آئی سی یو مکمل طور پر بھر چکا ہے اور مریضوں کو دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
سوئس میڈیا کی جانب سے جاری تصاویر میں ایک عمارت کو شعلوں کی لپیٹ میں دکھایا گیا جبکہ امدادی ٹیمیں موقع پر موجود نظر آئیں۔ پولیس کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور کرانس مونٹانا کے اوپر نو فلائی زون بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کرانس مونٹانا سوئس الپس کے قلب میں واقع ایک عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام ہے، جو میٹرہارن سے تقریباً 40 کلومیٹر شمال میں واقع ہے اور ہر سال بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔
حکام کے مطابق متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک ریسیپشن سینٹر اور ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے۔