کمسن طالبہ کو شادی کے نام پر اغوا کرنے والا مولوی گرفتار، چائلڈ میریج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

ٹنڈو محمد خان(انڈس ٹربیون) ٹنڈو محمد خان پولیس نے شادی کے نام پر کم عمر لڑکی طالبہ کو ورغلا کر اغوا کرنے والے مولوی کو گرفتار کرکے مغویہ کو بازیاب کرا لیا ہے۔ ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان حسیب جاوید سومار میمن نے پریس کانفرنس میں کارروائی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ایس ایس پی کے مطابق دو فروری 2026 کو تھانہ بلڑی شاہ کریم کی حدود گاؤں بریادو رند، نزد جنھان سومرو سے ایک کم عمر لڑکی (ز) کو ملزم مولوی عبدالسلام سومرو مبینہ طور پر شادی کا جھانسہ دے کر اغوا کر کے فرار ہو گیا تھا۔

واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ بلڑی شاہ کریم میں درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ نمبر 24/2026 تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 365 بی اور 3/4 چائلڈ میرج ایکٹ کے تحت درج کرکے ملزم کی گرفتاری اور لڑکی کی بازیابی کے لیے کارروائی شروع کی گئی۔

ایس ایچ او تھانہ بلڑی شاہ کریم اور انچارج سی آئی اے نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم مولوی عبدالسلام سومرو کو گرفتار کرلیا جبکہ کم عمر لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک عدد غیر قانونی پستول اور تین گولیاں بھی برآمد کی گئیں، جس پر اسلحہ ایکٹ کے تحت الگ مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ سہائی آرگنائزیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر عائشہ دھاریجو نے کہا ہے کہ وہ اس کیس کے حوالے سے ایس ایس پی حسیب سومار سے مسلسل رابطے میں تھیں اور انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ لڑکی کو بازیاب کرا لیا جائے گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سب سے پہلے لڑکی سے علیحدگی میں ملاقات کر کے اس سے تفصیلی معلومات حاصل کی جائیں کہ آیا اس کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی یا تشدد ہوا ہے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لڑکی کا فوری طبی معائنہ کرایا جائے اور اگر کسی قسم کی زیادتی یا تشدد کے شواہد سامنے آئیں تو ملزم کے خلاف مضبوط دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ لڑکی کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں