لاہور: فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبہ چھت سے چھلانگ لگا کر جاں بحق

لاہور(ويب ڈیسک) لاہور پولیس نے بتایا ہے کہ منگل کے شب فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں زیر تعلیم فائنل ایئر کی ایک طالبہ عمارت کی چھت سے گر کر شدید زخمی ہو گئیں اور بعد ازاں ہسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گئیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع منگل کی شام 7 بج کر 55 منٹ پر ون فائیو پر موصول ہوئی، جس کے بعد ریسکیو ٹیم نے طالبہ کو زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکیں۔

لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاع میں بتایا گیا کہ طالبہ نے مبینہ طور پر چھلانگ لگا کر خودکشی کی، تاہم واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ آیا یہ خودکشی کا واقعہ تھا یا کوئی اور معاملہ پیش آیا۔

یونیورسٹی انتظامیہ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والی 22 سالہ طالبہ کی شناخت فریحہ کے نام سے ہوئی ہے، جو فائنل ایئر کی طالبہ تھیں اور ان دنوں ان کے امتحانات جاری تھے۔ انتظامیہ کے مطابق ان کا ایک پیپر ہو چکا تھا جبکہ دوسرا پیپر جمعہ 19 فروری کو ہونا تھا، جس کی تیاری وہ کر رہی تھیں۔

ذرائع کے مطابق طالبہ کا تعلق کشمیر سے تھا اور وہ اس سے قبل اپنے والد کے ساتھ لاہور میں مقیم رہی ہیں۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے، جو جلد اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ دوسری جانب یونیورسٹی نے طالبہ کی وفات کے بعد تمام جاری امتحانات ملتوی کرتے ہوئے 18 سے 24 فروری تک تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال کے پہلے دو ماہ کے دوران لاہور میں تعلیمی اداروں میں پیش آنے والا یہ تیسرا افسوسناک واقعہ ہے۔ اس سے قبل یونیورسٹی آف لاہور میں ایک 22 سالہ طالب علم نے اپنی جان لے لی تھی جبکہ ایک اور 21 سالہ طالبہ اسی جامعہ میں شدید زخمی ہو گئی تھیں، جنہیں بروقت طبی امداد فراہم کر کے بچا لیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، حتمی رپورٹ آنے کے بعد مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں