پشاور(ویب ڈیسک) ملک بھر میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے اور پاکستان میں کل بروز جمعرات 19 فروری 2026 کو پہلا روزہ رکھا جائے گا۔
چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس میں وزارت مذہبی امور، محکمہ موسمیات، سپارکو اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔
ممبر کمیٹی مفتی عتیق اللہ کے مطابق چاند دیکھنے کی ابتدائی شہادتیں اپر دیر اور ضلع مہمند سے موصول ہوئیں جبکہ مجموعی طور پر ملک بھر سے 40 شہادتیں موصول ہوئیں۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل 19 فروری کو یکم رمضان المبارک 1447 ہجری ہوگی۔
ملک بھر میں مساجد میں تراویح کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے جبکہ شہریوں نے رمضان المبارک کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔