تہران(ویب ڈیسک) ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے ملک کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ خبر عالمی خبر رساں اداروں رائٹرز اور سی این این نے ایرانی سرکاری میڈیا کے حوالے سے دی ہے۔
روئٹرز اور سی این این کے مطابق ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے اتوار کی صبح اپنی رپورٹ میں کہا کہ ’’ایران کے سپریم لیڈر نے جامِ شہادت نوش کیا‘‘۔ سرکاری خبر رساں ادارے مہر نیوز کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای نے ’’ایران کو سربلند کرنے کے لیے اپنی جان قربان کی اور وہ شہدا کے اعلیٰ مقام پر فائز ہو گئے‘‘۔
ایرانی حکام کی جانب سے سپریم لیڈر کے انتقال کے بعد ملک بھر میں چالیس روزہ قومی سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سرکاری بیانات کے مطابق اس دوران تمام سرکاری تقریبات محدود یا معطل رہیں گی۔
یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ ایران پر مشترکہ حملوں کے دوران سپریم لیڈر ہلاک ہوئے۔ ایرانی میڈیا نے بھی انہی حملوں کے تناظر میں ان کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ایران کی سیاسی اور مذہبی قیادت نے عوام سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور قومی اتحاد برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے، جبکہ خطے کی صورتحال پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔