کویت سٹی (ویب ڈیسک) کویت کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ پیر کے روز ملک میں متعدد امریکی فوجی طیارے حادثات کا شکار ہو کر تباہ ہو گئے، تاہم تمام عملے کے ارکان محفوظ رہے۔ وزارت کے مطابق عملے کو فوری طور پر طبی معائنے اور ضروری علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب سی این این کی جانب سے جغرافیائی محلِ وقوع کی تصدیق کے ساتھ جاری کی گئی ویڈیوز میں کویت میں ایک جنگی طیارے کو گرتے ہوئے اور پائلٹ کو پیراشوٹ کے ذریعے زمین پر اترتے دکھایا گیا۔ سی این این کے تجزیے کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والا طیارہ ایف پندرہ ای قسم کا معلوم ہوتا ہے۔
کویتی وزارتِ دفاع کے ترجمان کرنل سعید العطوان کے مطابق، ’’متعلقہ اداروں نے فوری طور پر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ’’عملے کو حادثے کے مقامات سے محفوظ طریقے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت کا جائزہ لیا گیا اور ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔‘‘
وزارت نے مزید بتایا کہ کویت امریکی حکام کے ساتھ ’’براہِ راست رابطے‘‘ میں ہے اور طیاروں کے گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے مشترکہ تعاون جاری ہے۔ حادثات کی وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی۔ سی این این کے مطابق اس معاملے پر تبصرے کے لیے امریکی مرکزی کمان اور وائٹ ہاؤس سے رابطہ کیا گیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے سی این این کی جانب سے تصدیق شدہ ایک ویڈیو میں کویت میں ایک امریکی فضائی اڈے کے قریب جنگی طیارے کو آگ کی لپیٹ میں دم گھومتے ہوئے گرتا دکھایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق طیارہ کویت میں واقع علی السلیم فضائی اڈہ سے تقریباً دس کلومیٹر کے فاصلے پر گرا۔
یہ واقعات ایسے وقت پیش آئے ہیں جب خلیجی ممالک میں ایران کے ساتھ پھیلتی جنگ کے تناظر میں شدید بمباری کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ اسی دوران کویت میں امریکی سفارت خانے کے اطراف دھویں کے بادل بھی دیکھے گئے ہیں۔
ادھر اے ایف پی کے نامہ نگار کے مطابق پیر کے روز کویت میں امریکی سفارت خانہ کویت کے اطراف سیاہ دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ سفارتی مشن نے لوگوں کو سفارت خانے نہ آنے کی ہدایت جاری کی ہے، کیونکہ ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر حملوں کا تیسرا روز جاری ہے۔
شہر میں اس سے قبل خطرے کے سائرن بھی بجائے گئے، جو امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں ایران کی تازہ کارروائیوں کے بعد سنائی دیے۔ ان حملوں میں ایران کے اعلیٰ رہنما اور دیگر سرکردہ حکام کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
امریکی سفارت خانے نے یہ اعلان نہیں کیا کہ اس عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم ایک سکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سفارت خانے کے قریب نہ آیا جائے۔ بیان میں کہا گیا، ’’کویت میں میزائل اور بغیر پائلٹ طیاروں کے حملوں کا مسلسل خطرہ موجود ہے، سفارت خانے نہ آئیں۔‘‘ اس میں مزید کہا گیا کہ سفارت خانے کا عملہ محفوظ مقامات پر موجود ہے۔
کویت کی وزارتِ داخلہ نے بتایا ہے کہ علی الصبح ملک کو نشانہ بنانے والے نامعلوم تعداد میں ڈرون طیاروں کو ناکارہ بنایا گیا۔ حکام کے مطابق اب تک خلیجی خطے میں ایرانی حملوں کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں ایک شخص کویت میں جاں بحق ہوا۔