تہران(ویب ڈیسک) ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے بیٹے یوسف پزشکیان نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم وہ محفوظ ہیں اور تشویش کی کوئی بات نہیں۔
یوسف پزشکیان نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ انہیں بھی ایسی اطلاعات ملی ہیں کہ ایران کے رہبرِ اعلیٰ زخمی ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس حوالے سے متعدد ایسے دوستوں سے رابطہ کیا جن کے حکومتی حلقوں سے روابط ہیں۔
انہوں نے لکھا:
“خدا کے فضل سے وہ محفوظ ہیں اور پریشانی کی کوئی بات نہیں۔”
اس سے قبل بی بی سی نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ رہبرِ اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد سے مجتبیٰ خامنہ ای عوامی سطح پر منظرِ عام پر نہیں آئے ہیں، جس کے باعث مختلف قیاس آرائیاں بھی سامنے آ رہی ہیں۔
یاد رہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای کو اپنے والد علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد ایران کا نیا رہبرِ اعلیٰ منتخب کیا گیا تھا۔ علی خامنہ ای کی ہلاکت امریکہ اور اسرائیل کے مبینہ حملے میں ہوئی تھی۔
تاحال ایران کی جانب سے مجتبیٰ خامنہ ای کے زخمی ہونے کی خبروں کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔