ایران کی جانب سے پاکستانی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت، امریکی صدر نے پیش رفت کو سراہا

واشنگٹن / اسلام آباد (ویب ڈیسک) امریکی صدر نے اپنے وزیر خارجہ کی سوشل میڈیا پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے خطے کی صورتحال سے متعلق اہم سفارتی پیش رفت کو اجاگر کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران نے پاکستانی پرچم بردار مزید بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ Ishaq Dar نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا۔

اسحاق ڈار کے مطابق پاکستانی پرچم بردار 20 بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دینے پر اتفاق ہوا ہے، جس کے تحت روزانہ دو پاکستانی بحری جہاز وہاں سے گزر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا یہ اقدام تعمیری نوعیت کا ہے اور اس سے خطے میں استحکام اور بحری تجارت کو فروغ ملے گا۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ اعلان امن کی جانب ایک بامعنی قدم ہے اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی مؤثر اور پائیدار راستہ ہیں۔

اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے امریکی نائب صدر JD Vance، امریکی وزیر خارجہ Marco Rubio، امریکی نمائندہ خصوصی Steve Witkoff اور ایرانی وزیر خارجہ Abbas Araghchi کو بھی مخاطب کیا۔

اس اہم سفارتی پیش رفت کے بعد صدر ٹرمپ نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر امریکی وزیر خارجہ کی پوسٹ شیئر کر کے اس اقدام کی اہمیت کو نمایاں کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں