چولستان: زیادہ مقدار میں گندم کے خوشے کھانے سے 113 بھیڑیں ہلاک

بہاولپور(ویب ڈیسک) صحرائے چولستان میں قلعہ ڈیراور کے قریب دلوش ڈھار کے مقام پر بھیڑوں کے ریوڑ میں 113 بھیڑوں کی ہلاکت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔

محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق ریوڑ میں 600 سے زائد بھیڑیں شامل تھیں، تاہم بیشتر جانور محفوظ رہے جبکہ 113 بھیڑیں ہلاک ہو گئیں۔

ڈائریکٹر لائیو اسٹاک کے مطابق بھیڑیں چولستان سے بھوک اور پیاس کی حالت میں کٹی ہوئی گندم کے کھیت میں داخل ہو گئیں جہاں انہوں نے بڑی مقدار میں گندم کے خوشے کھا لیے۔ زیادہ مقدار میں دانہ کھانے کے بعد پانی پینے سے جانوروں میں ایسیڈوسس پیدا ہو گئی جس کے باعث ہلاکتیں ہوئیں۔

محکمہ لائیو اسٹاک کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق بھیڑوں کی ہلاکت کسی پراسرار بیماری کی وجہ سے نہیں بلکہ “گرین اوور لوڈ” کے باعث ہوئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گندم کی کٹائی کے بعد کھیت میں رہ جانے والا دانہ جانوروں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔

حکام کے مطابق چولستان میں موبائل ویٹرنری ٹیم موقع پر موجود ہے اور متاثرہ جانوروں کا علاج جاری ہے، جبکہ لائیو اسٹاک لیبارٹری کی ٹیم نے نمونے حاصل کر لیے ہیں اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق ہلاک ہونے والی بھیڑوں کی مجموعی مالیت تقریباً 50 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں