امریکہ میں دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی: پاکستانی شہری محمد شاہزیب خان کا اعترافِ جرم

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق 21 سالہ پاکستانی شہری محمد شاہزیب خان نے امریکہ میں دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں عدالت کے سامنے اعترافِ جرم کر لیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق امریکی محکمۂ انصاف کے بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد شاہزیب خان، جو شاہزیب جدون کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، پر الزام تھا کہ وہ نیویارک کے علاقے بروکلین میں ایک نمایاں یہودی عبادت گاہ کو خودکار ہتھیاروں سے نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

بیان کے مطابق ملزم نے آٹھ اپریل کو امریکی ڈسٹرکٹ جج پال جی گارڈیفی کے سامنے اعترافِ جرم کیا، جبکہ سزا سنانے کے لیے بارہ اگست 2026 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم کینیڈا میں مقیم تھا اور اس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شدت پسند تنظیم داعش کی حمایت میں مواد بھی شیئر کیا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے حملے کی منصوبہ بندی دو ایسے افراد کے ساتھ شیئر کی جو دراصل امریکی اداروں کے خفیہ اہلکار تھے۔

حکام کے مطابق محمد شاہزیب خان نے کینیڈا سے امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم ستمبر 2024 میں کینیڈا کے علاقے اورمزٹاؤن میں سرحد کے قریب اسے گرفتار کر لیا گیا۔

امریکی حکام کے مطابق اس جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا عمر قید ہو سکتی ہے، تاہم حتمی فیصلہ عدالت کرے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں