عاصم منیر تہران پہنچ گئے، ایران امریکا مذاکرات میں پیش رفت کا امکان

تہران:(ویب ڈیسک) ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں تیز ہو گئی ہیں، اسی سلسلے میں پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کرے گا جن میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری رابطوں، خطے کی مجموعی صورتحال اور ممکنہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں انکشاف کیا تھا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان ایک پاکستانی ثالث کے ذریعے رابطے برقرار ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا تھا کہ پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد تہران کا دورہ کرے گا، جو اسلام آباد میں ہونے والی سابقہ بات چیت کا تسلسل ہوگا، جہاں دونوں ممالک کے مؤقف کو قریب لانے کی کوشش کی جائے گی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی یہ سفارتی سرگرمیاں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایران و امریکا کے درمیان کسی ممکنہ مفاہمت کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، جبکہ اسلام آباد خود کو ایک مؤثر ثالث کے طور پر منوانے کی کوشش کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں