جڑانوالہ(ویب ڈیسک) پنجاب کے ضلع فیصل آباد کے تحصیل جڑانوالہ میں کھیتوں میں مویشی داخل ہونے کے تنازع پر زمیندار نے فائرنگ کر کے باپ، بیٹے اور بڑے بھائی کو قتل کر دیا۔ واقعہ تھانہ رڈیانوالہ کے علاقے میں پیش آیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق، ناصر شیرا اپنے 21 سالہ بیٹے امتیاز اور 60 سالہ بھائی جعفر کے ہمراہ کھیتوں میں مویشی چرا رہا تھا کہ اسی دوران وہاں موجود ریٹائرڈ ایس پی فاروق دل اور اس کے بھتیجے نے مویشی فصل سے نکالنے کا کہا۔ بات چیت تکرار میں بدلی اور دیکھتے ہی دیکھتے خونی تصادم کی شکل اختیار کر گئی۔
پولیس کے مطابق، ریٹائرڈ ایس پی اور اس کے بھتیجے نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ناصر اور اس کا بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ جعفر شدید زخمی ہو گیا جو اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
فیصل آباد کے سی پی او حافظ بلال عمر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی جڑانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔