“باپ کی پگڑی کی لاج” 33 سالہ خاتون کی زندگی نگل لی، سکھر میں سیاہ کاری کا لرزہ خیز واقعہ

سکھر(رپورٹ: تاج رند) ضلع سکھر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شوہر کے خوف سے عدالت سے تحفظ طلب کرنے والی خاتون کو گھر واپسی کے بعد مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق تحصیل روہڑی کے نواحی گاؤں شاہ بخش کی رہائشی دو بچوں کی ماں گلاں کو سیاہ کاری کے الزام میں ان کے شوہر سکیلدھو بھارو نے قتل کر دیا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ جھانگڑو میں سرکاری مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، جس کے مدعی ایس ایچ او جاوید علی میمن ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 18 اپریل کو مقتولہ گلاں نے تھانہ جھانگڑو پہنچ کر اپنی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر تحفظ کی درخواست دی تھی۔ اپنے بیان میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے شوہر نے ان پر بدکاری کا جھوٹا الزام عائد کیا ہے اور وہ انہیں اسی بنیاد پر قتل کرنا چاہتے ہیں۔

پولیس نے 20 اپریل کو خاتون کو عدالت میں پیش کیا جہاں انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا، جس کے بعد عدالت نے انہیں تحفظ فراہم کرنے کے لیے دارالامان منتقل کرنے کا حکم دیا۔

تاہم پولیس کے مطابق عدالتی حکم نامہ موصول ہونے سے قبل مقتولہ کے والد امداد علی بھارو اور ماموں محمد یونس بھارو عدالت پہنچ گئے اور انہوں نے گلاں کو دارالامان جانے کے بجائے گھر واپس آنے پر آمادہ کیا۔

عینی شاہدین کے مطابق خاتون کے انکار پر والد نے اپنی پگڑی اتار کر بیٹی کے پاؤں میں رکھ دی اور خاندان کی عزت کا واسطہ دے کر گھر واپسی پر زور دیا۔

بعد ازاں مقتولہ نے عدالت میں دوبارہ بیان ریکارڈ کرایا اور والد کے ہمراہ جانے پر رضامندی ظاہر کی، جس پر عدالت نے والد اور ماموں سے خاتون کے تحفظ کی تحریری ضمانت لینے کے احکامات جاری کیے۔

عدالت میں موجود عینی شاہدین کے مطابق گلاں نے عدالت میں بیان دیا کہ “جانتی ہوں کہ واپس خاندان کے پاس گئی تو مار دی جاؤں گی مگر باپ کی پگڑی کی لاج رکھ رہی ہوں، باپ کی پگڑی کیلئے جان قربان ہے”۔

پولیس کے مطابق خاتون کو گھر واپس بھیج دیا گیا، تاہم بعد ازاں 3 مئی کو رات کو قریباً گیارہ بجے انہیں گاؤں سے باہر جنگل میں لے جایا کر شوہر ودیگر ملزمان نے بندوق کے فائر کر کے قتل کر دیا۔

پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ مرکزی ملزم مقتولہ کے شوہر سکیلدھو اور ماموں کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

گرفتاری کے بعد پولس تحویل میں میڈیا کیساتھ گفتگو میں ملزمان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ “ہم نے اپنی غیرت کیلئے گلاں کو قتل کیا جس سے ہمارہ ناک اونچا ہو گیا ہے”۔

اپنا تبصرہ لکھیں