کوئٹہ: خاتون ڈاکٹر پر تیزاب حملے کا مبینہ ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک، متاثرہ ڈاکٹر کراچی منتقل

کوئٹہ(ویب ڈیسک) سینڈیمن سول ہسپتال کوئٹہ میں خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے واقعے میں مطلوب مبینہ ملزم ہمایوں شاہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا، جبکہ شدید زخمی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کی دوپہر سینڈیمن سول ہسپتال کے سرجیکل وارڈ میں ایک نوجوان نے دروازہ کھٹکھٹایا اور جیسے ہی پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر ماہ نور ناصر باہر آئیں، اس نے ان پر تیزاب پھینک دیا۔ حملے کے نتیجے میں ڈاکٹر ماہ نور کا چہرہ اور جسم شدید متاثر ہوا، جبکہ انہیں بچانے کی کوشش کرنے والا عبدالرزاق بھی زخمی ہوگیا۔

ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر عبدالہادی کے مطابق متاثرہ ڈاکٹر کے جسم کا تقریباً 50 فیصد حصہ متاثر ہوا ہے۔ فوکل پرسن ٹراما سینٹر عین الدین قریشی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی ہدایت پر ڈاکٹر کو فوری طور پر آریا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی معائنے کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

بعد ازاں ڈاکٹر ماہ نور کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کردیا گیا۔ آغا خان ہسپتال کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ان کی ایک آنکھ متاثر ہوئی ہے، تاہم علاج کے امکانات موجود ہیں۔

بلوچستان پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں مطلوب ملزم ہمایوں شاہ سرچ آپریشن کے دوران مارا گیا۔

دوسری جانب بلوچستان پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں مطلوب ملزم ہمایوں شاہ سرچ آپریشن کے دوران مارا گیا۔ ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق ملزم کو نوشکی بس اسٹاپ کے قریب دیکھا گیا، جہاں پولیس نے اسے ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا، تاہم اس نے مبینہ طور پر پولیس پر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں ملزم ہلاک ہوگیا۔

ایس ایچ او جواد حیدر نے بتایا کہ ملزم کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

حملے کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ہسپتالوں میں غیر معینہ مدت تک ہڑتال اور طبی خدمات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ واقعے نے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی تھی۔

تاہم پولیس مقابلے اور ملزم کی ہلاکت سے متعلق دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق تاحال نہیں ہوسکی۔

اپنا تبصرہ لکھیں