واشنگٹن/تہران(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے اور اس پر دستخط بھی مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ معاہدے کی باضابطہ تقریب 19 جون بروز جمعہ سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’مجھے یہ کہتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں اور یہ مکمل ہو چکا ہے۔‘‘
امریکی صدر کے مطابق معاہدہ طے پانے کے بعد بحری جہازوں نے آبنائے ہرمز سے دوبارہ آمد و رفت شروع کر دی ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کی بحری ناکہ بندی کے فوری خاتمے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بتایا کہ معاہدے پر دستخط کی باضابطہ تقریب میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف بھی شریک ہوں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فریقین نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کرنے کی باضابطہ تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگی۔
ادھر ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے بھی سرکاری ذرائع ابلاغ کے ذریعے امن معاہدہ طے پانے کی تصدیق کی ہے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی تھی۔ مبصرین کے مطابق اگر معاہدے پر مکمل عمل درآمد ہوتا ہے تو یہ خطے میں کشیدگی میں کمی اور استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔