شکارپور (رپورٹ: بھاگ چند) ضلع شکارپور کے خانپور شہر میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے ایک ہی خاندان کے 8 سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں تشویشناک حالت میں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج بہن بھائی سمیت 3 کمسن بچے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ خانپور شہر میں گلزار قریشی کے گھر پیش آیا، جہاں اہلِ خانہ نے چاول کھائے، جس کے کچھ ہی دیر بعد متعدد افراد کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ متاثرہ افراد کو الٹیاں، بے ہوشی اور دیگر علامات ظاہر ہوئیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال میں دورانِ علاج دو بہن بھائی 3 سالہ گل زیب اور مسکان ولد گلزار قریشی اور 5 سالہ زین ولد دلاور قریشی، جانبر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے۔
واقعے میں گلزار احمد قریشی، دلاور، ماہ نور سمیت خاندان کے دیگر افراد بھی متاثر ہوئے ہیں، جو تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
تین کمسن بچوں کی ہلاکت کی اطلاع ملتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا، جبکہ اہلِ خانہ شدید صدمے سے دوچار ہیں۔
اہلِ خانہ کے مطابق تمام افراد کی طبیعت چاول کھانے کے بعد خراب ہوئی، تاہم کھانے میں کسی زہریلی چیز کی موجودگی کی حتمی تصدیق تاحال نہیں ہوسکی۔
پولیس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ زہریلے کھانے کی وجہ اور دیگر متاثرہ افراد کی حالت سے متعلق مزید معلومات کا انتظار ہے۔