گنے کی قیمت مقرر نہ ہوئی تو فصل کو آگ لگا دیں گے، آبادگاروں کا انتباہ

پنوعاقل(انڈس ٹربیون) سندھ چیمبرز آف ایگریکلچر کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ گنے کی فی من قیمت 700 روپے مقرر کرکے فوری نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اور 15 نومبر تک شوگر ملیں چلائی جائیں تاکہ آبادگاروں کی بے چینی ختم ہو اور وہ بروقت گندم کی بوائی کرسکیں۔

اس حوالے سے سندھ چیمبرز آف ایگریکلچر سکھر کے جنرل سیکریٹری محمد حاجن مہر، تعلقہ پنوعاقل کے صدر جادل منگی، دین محمد منگریو اور دیگر رہنماؤں نے پنوعاقل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گنے کی فی ایکڑ فصل پر 3 سے 4 لاکھ روپے تک اخراجات آتے ہیں، اس لیے اگر گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر نہ کی گئی تو آبادگاروں کو شدید معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شوگر ملیں 15 نومبر تک فعال کی جائیں تاکہ آبادگار گنے کی فصل کی کٹائی اور فروخت کے بعد گندم کی کاشت مقررہ وقت پر کرسکیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کرکے نوٹیفکیشن جاری نہ کیا اور شوگر ملیں نہ چلائی گئیں تو آبادگار احتجاجی تحریک شروع کریں گے اور گنے کی فصل کو آگ لگانے پر مجبور ہوں گے۔

رہنماؤں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ آبادگاروں کے معاشی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے فوری طور پر گنے کی امدادی قیمت کا اعلان کیا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں