رحیم یار خان (انڈس ٹربیون) رحیم یار خان کے علاقے نواز آباد میں ایک سنسنی خیز واردات کے دوران نامعلوم مسلح ڈاکو ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو اغوا کر کے کچے کے علاقے کی جانب فرار ہو گئے۔ مغویوں میں رانجھا تھوری، کنہیا لال اور رمیش تھوری شامل ہیں۔
متاثرہ خاندان کے مطابق، یہ واقعہ رات کے وقت اس وقت پیش آیا جب درجن بھر ڈاکو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر سرکاری اسپتال کے قریب ایک گھر میں داخل ہوئے۔ ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا، گھر سے نقدی اور زیورات لوٹے، اور بعد ازاں تین افراد کو اغوا کر کے فرار ہو گئے۔
واقعے کے فوری بعد ڈی پی او عرفان سموں نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی بھونگ کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری کو کچے کے علاقے کی جانب روانہ کر دیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق، کچے میں داخلے کے تمام راستے سیل کر دیے گئے ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن تیزی سے جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ:
“مغوی افراد کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ جلد ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔”
واردات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے، جبکہ ہندو اقلیتی برادری نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری کارروائی اور مغویوں کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر مقامی سماجی رہنماؤں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی اغوا کی اس واردات کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔