سکھر میں انٹیلیجنس کارروائی، ممنوعہ اسلحہ برآمد، چار ملزمان گرفتار

سکھر — کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سکھر نے دعویٰ کیا ہے کہ فیڈرل سویلین انٹیلیجنس ایجنسی کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سکھر کے ہمدرد سوسائٹی میں چھاپہ مار کر ممنوعہ اسلحہ اور دیگر مواد اسمگل کرنے میں ملوث گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ آپریشن کل 8 اگست 2025 کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا، جس کا مقصد 14 اگست اور دیگر قومی تقریبات کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانا تھا۔

کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان میں محمد بلال راجپوت، محمد ابراہیم گڈانی، علی حسن ساوند اور نادر علی ساوند شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزمان سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، جن کی بنیاد پر مزید چھاپے اور گرفتاریاں جاری ہیں۔

آپریشن میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا،

جس میں ایک ہینڈ گرنیڈ، ایک 12 بور ریپیٹر بمعہ میگزین، ایک ریوالور، دو عدد 32 بور پسٹل بمعہ چار میگزین، آٹھ عدد 30 بور پسٹل بمعہ 16 میگزین، آٹھ عدد 9 ایم ایم پسٹل بمعہ 16 میگزین، 50 عدد 222 رائفل کی گولیاں، 20 عدد ریوالور کی گولیاں، 20 عدد 32 بور کی گولیاں، 35 عدد کارتوس، 100 عدد 9 ایم ایم کی گولیاں، 100 عدد 44 رائفل کی گولیاں، 1855 عدد 30 بور کی گولیاں، ایک کلاشنکوف بمعہ میگزین، ایک ٹویوٹا کرولا کار اور 23 اسلحہ لائسنس شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی کے مطابق اس نیٹ ورک کے سہولت کاروں اور دیگر عناصر کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری رہے گا، جبکہ عوام کو یقین دلایا گیا ہے کہ 14 اگست اور دیگر قومی تقریبات کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں