لاڑکانہ پولیس مقابلہ، دو انتہائی مطلوب ملزمان ہلاک

لاڑکانہ (ویب ڈیسک)لاڑکانہ کے قریب حیدری تھانے کی حدود میں پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے دوران دو انتہائی مطلوب ملزمان ہلاک ہو گئے۔

ایس ایس پی لاڑکانہ احمد چوہدری کے مطابق خفیہ اطلاع پر پولیس نفری کارروائی کے لیے علاقے میں پہنچی تو مسلح ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران دو ملزمان ہلاک ہوئے، جن کی شناخت قربان سنجرانی اور یاسین مہسر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان 30 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے اور مختلف اضلاع میں پولیس کو درکار تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان ڈکیتی، رہزنی اور دیگر سنگین جرائم سمیت 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث تھے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا ہے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں