سکھر (رپورٹ: تاج رند) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اور صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے روہڑی جنکشن ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے۔
یہ تقریب روہڑی جنکشن ریلوے اسٹیشن پر ان کے دورے کے دوران منعقد ہوئی، جہاں دونوں وزراء نے خطاب کیا اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
منصوبے میں جدید ویٹنگ ایریاز، کشادہ پلیٹ فارمز، اسکیلٹرز، ماڈرن ریسٹورنٹ اور واٹر سپلائی اسکیم سمیت دیگر سہولیات شامل ہوں گی۔
صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ روہڑی کے عوام کا دیرینہ مطالبہ اب پورا ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسٹیشن طویل عرصے سے بنیادی سہولیات سے محروم رہا، تاہم اب اسے جدید طرز پر استوار کیا جائے گا۔ ان کے مطابق سکھر ایکسپریس کو پہلے ہی اپ گریڈ کیا جا چکا ہے جبکہ پاکستان ریلوے اور ضلعی کونسل کے تعاون سے جلد “ہو جمالو ٹرین” بھی چلائی جائے گی۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ اداروں کے باہمی تعاون سے منصوبہ تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے سکھر کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر میں جامعات اور جدید سرکاری اسپتال موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ روہڑی جنکشن کی اپ گریڈیشن ایک ارب 33 کروڑ روپے کی لاگت سے کی جائے گی اور یہ منصوبہ چھ ماہ میں مکمل ہوگا۔ ان کے مطابق 150 سال سے زائد قدیم اس اسٹیشن کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے اسپتال کو پارٹنرشپ کے تحت دیا گیا ہے جہاں ملازمین کو مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان میں پیپلز بس سروس شروع کرنے جا رہی ہے جبکہ تھر کول منصوبے میں سرمایہ کاری 90 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور وزیرِاعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے ان کی قیادت میں تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم ایل ون منصوبے کو 480 کلومیٹر تک توسیع دی جا رہی ہے جسے وزیرِاعظم کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا۔
تقریب میں مسلم لیگ (ن) ضلع سکھر کے صدر خورشید میرانی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔