رشتہ نہ دینے پر نوجوان لڑکی قتل، ملزم نے خودکشی کر لی

میہڑ (ویب ڈیسک): میہڑ کے قریب فرید آباد تھانے کی حدود گاؤں فیض محمد کولاچی میں رشتہ نہ دینے پر افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ملزم شہمیر کولاچی نے گھر پر حملہ کر کے سوئی ہوئی نوجوان لڑکی ریما دختر خدا بخش کولاچی کو قتل کر دیا، جبکہ اس کی والدہ مسمات سیما کو شدید زخمی کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔

پولیس کے مطابق زخمی خاتون کو پہلے میہڑ اسپتال اور بعد ازاں لاڑکانہ اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ مقتولہ اور ملزم کی لاشیں تعلقہ اسپتال میہڑ منتقل کر دی گئیں۔

مقتولہ کے والد خدا بخش کولاچی نے بتایا کہ ملزم شہمیر نے ان کی بیٹی کا رشتہ مانگا تھا، تاہم لڑکی پہلے ہی اپنے کزن کے نام منسوب تھی اور جلد شادی طے تھی۔ ان کے مطابق اسی رنجش پر ملزم نے حملہ کر کے ان کی بیٹی کو قتل کیا، اہلیہ کو زخمی کیا اور بعد میں خودکشی کر لی۔

فرید آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ رشتہ نہ دینے کے تنازع پر پیش آیا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں