سکھر(رپورٹ: تاج رند) سکھر پولیس کے ترجمان نے جاری کردہ پریس رلیز میں دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے سکھر اور خیرپور سے اغوا کئے گئے 12 مغویوں کو بازیاب کرا لیا ہے
ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کے احکامات پر سکھر اور خیرپور پولیس کی باگڑجی کے کچے کے علاقے میں دو دن سے جاری پولیس آپریشن کی جاری کارروائی میں ڈاکوؤں نے 12 افراد کو اغوا کیا تھا
منگل اور بدھ کی درمیانی شب سکھر سے تین جبکہ خیرپور ضلعے کے حدود سے 9 افراد کو اغوا کر لیا گیا تھا
بدھ کے صبح ڈاکؤوں نے سوشل میڈیا پر تمام 12 مغویوں کی ویڈیو وائرل کردی تھی، جس میں نظر نہ آنے والا شخص خود کو رحیمو پھلپوٹو ظاہر کرتے ہوئے پولیس سے آپریشن روکنے کا مطالبہ کر رہا تھا
“حسن نیازی صاحب (ایس ایس پی خیرپور) میں رحیم بخش پھلپوٹہ بات کر رہا ہوں ، تم لوگوں نے میرے ساتھ جو ظلم کیا ہے، اور آپ نے جو ریڈ کیے ہیں میرے اوپر اور میرا جو نقصان کیا ہے اس کے بدلے میں، میں نے یہ 12 لوگ اغوا کئے ہیں، سکھر اور خیرپور کے، کل ریڈ نہیں ہونا چاہئے اور میرا جو نقصان ہوا ہے وہ آپ بھریں، ورنہ میں 12 ہی لوگوں کو مار دوں گا” مغویوں کے ساتھ وائرل کردہ ویڈیو بیان میں ڈاکو رحیمو پھلپوٹو کا کہنا تھا
دریں اثنا ایسی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے چند گھنٹوں بعد سکھر پولیس کے ترجمان نے تمام 12 مغویوں کی پولیس کے ساتھ مختصر ویڈیو جاری کرتے ہوئے مغویوں کی باحفاظت بازیابی کا دعویٰ کیا
پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی قیادت میں کچے کے علاقے میں بروقت ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران پولیس نے ان مغویوں کو باحفاظت بازیاب کروا لیا۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی طرف سے مغویان کو کسی دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ پولیس سے مڈبھیڑ ہوگئی، جس کے نتیجے میں دو ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔اغوا کاروں کی طرف سے بھاری ہتھیاروں کے ساتھ پولیس کی بکتر بند اے پی سی گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی جس سے بکتر بند کو نقصان ہوا ،فائرنگ کے تبادلے کے بعد ڈاکوؤں نے ایک درجن مغویان کو چھوڑ کر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جنگلات میں فرار ہو گئے، پولیس ان کے تعاقب میں ہے۔
جبکہ ذرائع پولیس دعویٰ کو رد کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ مغویوں کو ڈاکوؤں کے ساتھ ڈیل کے بعد بازیاب کرا لیا گیا ہے
ذرائع کے مطابق پولیس نے ڈاکؤوں کے مطالبات پر ان کے گرفتار تمام قریبی رشتےداروں کو آزاد کر دیا جس کے بدلے میں ڈاکؤوں نے مغویوں کو پولیس کے حوالے کر دیا
بازیاب ہونے والے مغویان میں سے 9 کا تعلق ضلع خیر پور سے ہے جبکہ 3 کا تعلق ضلع سکھر سے ہے۔
واضح رہے کہ سولنگی برادری کے ان تین نوجوانوں کو گذشتہ شب بچل شاہ میانی سے ایئرپورٹ تھانے کے سامنے سے اغوا کیا گیا تھا۔
شہریوں کے مطابق ایس ایس پی اظھر خان کی تقرری کے بعد سکھر امن و امان کی صورتحال بے قابو ہو گئی ہے، دن دھاڑے راہزنی، لوٹ مار، ڈکیتیاں اور قتل و غارتگری روز کا معمول بن چکا ہے