شکارپور(رپورٹ: بھاگ چند) شکارپور میں امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئی، دن دہاڑے شہر کے وسطی علاقے میں اسلحہ بردار ملزمان نے اناج منڈی کے تاجر سے 26 لاکھ روپے لوٹ لیے۔
اناج منڈی کے معروف تاجر ولی محمد بھیو کے مطابق ان کے چھوٹے بھائی نادر بھیو سے اس وقت رقم چھین لی گئی جب وہ اسٹورٹ گنج تھانے کے عین سامنے موجود تھا۔ چار موٹر سائیکلوں پر سوار آٹھ مسلح افراد نے ان کے بھائی کو روک کر 26 لاکھ روپے لوٹے اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ڈکیتی کے خلاف تاجروں کی بڑی تعداد اسٹورٹ گنج تھانے پہنچ کر سخت احتجاج کیا. تاجروں کا کہنا تھا کہ تھانے کے سامنے اس قدر بڑی ڈکیتی انتظامیہ کی کارکردگی پر بڑا سوال ہے۔
تاجر برادری نے ایس ایس پی شکارپور شاہ زیب چاچڑ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور ملوث گینگ کو فی الفور گرفتار کیا جائے، تاکہ تاجروں اور عوام میں پھیلی ہوئی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے۔