مِٹھی: تین نوجوانوں کی لاشیں درخت سے لٹکتی ہوئی برآمد، خودکشی کا شبہ ظاہر

مِٹھی (انڈس ٹربیون) ضلع مٹھی کے نواحی علاقے ڈانو دھوندھل کے میں ایک درخت سے تین نوجوانوں کی پھندہ لگی لاشیں برآمد ہونے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔ ورثاء نے واقعے پر خودکشی کا شبہ ظاہر کردیا. جبکہ پولیس نے تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے.

اطلاعات کے مطابق ڈانو دھوندھل تھانے کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر تعلقہ اسپتال نگرپارکر منتقل کیا، جہاں قانونی کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں.

نوجوانوں کی شناخت دھنجي ولد پرتاب کولہی، گوتم ولد شنکر کولہی اور جیرام ولد بھاگچند کولہی کے ناموں سے ہوئی ہے.

ایس ایچ او تھانہ ڈانو دھوندھل عبدالرّحمان راہو کے مطابق:
“ورثاء نے پولیس کے پہنچنے سے قبل خود ہی لاشوں کو درخت سے اتار کر زمین پر رکھ دیا تھا۔ انہوں نے واقعے کو خودکشی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ تینوں نوجوان رات کو کھانا کھانے کے بعد کھیتوں کی جانب گئے تھے۔ صبح اطلاع ملی کہ گھر کے قریب درخت سے تینوں کی لاشیں لٹکی ہوئی ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے جسم پر کسی واضح تشدد کے نشان نہیں ملے، تاہم حتمی رائے پوسٹ مارٹم اور کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ کے بعد دی جا سکے گی.

ایس ایس پی تھرپارکر شعیب میمن نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی چھاچھرو لطف لغاری کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق ورثاء اور نوجوانوں کے قریبی دوستوں سے بھی تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ نگرپارکر میں گزشتہ پانچ دنوں کے دوران خودکشی کے واقعات میں 5 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جس نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے.

انسانی حقوق کے فوکل پرسن عباس کھوسو نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“پانچ دنوں میں پانچ جانیں ضائع ہونا انتہائی افسوسناک اور توجہ طلب صورتحال ہے۔ ہمیں مل کر یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ نوجوان ایسے انتہائی قدم کیوں اٹھا رہے ہیں۔ سول سوسائٹی، صحت کے شعبے، پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر خودکشیوں کی روک تھام کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں گے.”

اپنا تبصرہ لکھیں