سیکیورٹی فورسز کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن، 10 مغوی مسافر بازیاب

گھوٹکی (انڈس ٹربیون) سندھ پولس رینج آفس سکھر کے ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی قیادت میں پولیس اور رینجرز نے ساری رات جاری رہنے والے مشترکہ آپریشن کے دوران اوباڑو کے قریب مسافر بس پر حملہ کر کے اغوا کیے گئے 10 مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔

منگل اور بدھ کے درمیانی شب صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس پر اوباڑو کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے حملہ کیا تھا، جس کے بعد متعدد مسافروں کو اغوا کر اپنے ساتھ لے گئے تھے.

واقعے کے بعد ڈی آئی جی سکھر کی سربراہی میں پولیس اور رینجرز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا اور ڈاکوؤں کا تعاقب جاری رکھا۔

پولس ذرائع کے مطابق سومیانی کے علاقے میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 مغوی مسافروں کو بازیاب کرایا گیا، جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ بازیاب ہونے والے مغویوں کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق دورانِ آپریشن دو ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی بھی مصدقہ اطلاعات ہیں۔

پولس ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بند کراس کر کے کچے کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیے، جس کے باعث ڈاکو اغوا شدہ مسافروں کو کچے کے علاقے میں منتقل کرنے میں ناکام رہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں