اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 31 گرفتار

اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کے دوران 31 غیر قانونی افغان شہری گرفتار کر لیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقوں اٹھل چوک اور ڈھوک جیلانی میں کیے گئے آپریشن کے دوران 155 گھروں، 145 موٹر سائیکلوں، 35 گاڑیوں اور 245 افراد کی جانچ کی گئی، جس کے نتیجے میں 17 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 12 بور اور 233 بور رائفلیں، 30 بور کا پستول، ایک خنجر اور 160 گرام منشیات برآمد ہوئی۔

راولپنڈی میں 195 گھروں، 65 دکانوں، 380 افراد، 55 گاڑیوں اور 75 موٹر سائیکلوں کی جانچ کے دوران 20 غیر قانونی افغان شہری گرفتار ہوئے، جنہیں افغان ہولڈنگ سینٹر ڈھوک سیداں منتقل کیا گیا۔ مکان مالکان کے خلاف متعلقہ قانون کے تحت مقدمات بھی درج کیے گئے۔

اٹک میں 73 گھروں کی تلاشی اور 172 افراد کی شناختی جانچ کے بعد 51 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، جبکہ چکوال میں 61 گھروں اور دکانوں کی تلاشی کے دوران 3 افغان شہری گرفتار ہوئے۔ مری میں 33 گھروں اور 40 دکانوں کی جانچ پڑتال کی گئی اور جہلم میں 40 گھروں کی تلاشی کے دوران 8 غیر قانونی افغان شہری گرفتار کیے گئے۔
سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کے دوران گھروں، گاڑیوں اور دکانوں کی مکمل جانچ کی گئی، اور غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی تاکہ عوامی تحفظ اور قانون کی بالادستی یقینی بنائی جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں