اوسلو(روئٹرز) ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں اتوار کی علی الصبح امریکی سفارت خانے کے قریب ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں عمارت کو معمولی نقصان پہنچا تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
عالمی خبر رساں ادارے روئٹرز کی خبر کے مطابق ناروے کی پولیس کے مطابق دھماکے کی آواز اتوار کی صبح تقریباً ایک بجے شہر کے مغربی علاقے میں واقع امریکی سفارت خانے کے احاطے سے سنی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔
ایک عینی شاہد، اٹھارہ سالہ طالب علم سباستین تورسٹاد نے بتایا کہ وہ اس وقت سفارت خانے کے قریب سے گزر رہے تھے جب دھماکہ ہوا۔ ان کے مطابق سڑک پر دھویں کی ایک بہت گھنی تہہ چھائی ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ سفارت خانے کے داخلی حصے کو کچھ نقصان پہنچا ہے۔
اوسلو پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ سفارت خانے کے قونصلر سیکشن کے داخلی دروازے کے قریب ہوا۔ بعد ازاں سفید لباس پہنے پولیس کے دو ماہرین کو جائے وقوعہ پر تحقیقات کرتے دیکھا گیا۔
پولیس کے مطابق علاقے میں مزید کسی دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے۔ حکام نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر کتوں، ڈرون اور ہیلی کاپٹر کی مدد سے تحقیقات کی گئی ہیں اور ایک یا ایک سے زیادہ ممکنہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
امریکی سفارت خانے نے دفتری اوقات سے باہر ہونے کے باعث فوری طور پر اس واقعے پر کوئی ردعمل نہیں دیا، جبکہ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے بھی تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔